صدر مملکت کے خصوصی نمائندہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی عراقی قیادت سے ملاقاتیں

صدر مملکت آصف علی زرداری کے خصوصی ایلچی اور سینیٹ میں چیف وہپ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے وفد کے ہمراہ عراق کی نو منتخب قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ پیر کو جاری اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے صدرمملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام عراق کے صدر نزار احمدی اور وزیراعظم علی فالح خادم الزیدی تک پہنچایا۔

بغداد ۔29جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری کے خصوصی ایلچی اور سینیٹ میں چیف وہپ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے وفد کے ہمراہ عراق کی نو منتخب قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ پیر کو جاری اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے صدرمملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام عراق کے صدر نزار احمدی اور وزیراعظم علی فالح خادم الزیدی تک پہنچایا۔ پیغام میں صدرِ پاکستان نے دونوں رہنمائوں کو ان کے انتخاب پر دلی مبارکباد اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا، پاکستان اور عراق کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں عراق امن، استحکام اور خوشحالی کی جانب اپنی پیش رفت جاری رکھے گا۔

صدرِ پاکستان کی جانب سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے عراق کے صدر اور وزیراعظم کو پاکستان کے سرکاری دورے کی پُرخلوص دعوت بھی دی، جسے دونوں رہنمائوں نے خوشدلی سے قبول کرتے ہوئے پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے عراقی کونسل آف ریپریزنٹیٹوز کے سپیکر ہیبت حمد عباس الحلبوسی اور عراق کے وزیر تجارت ڈاکٹر مصطفیٰ نزار جمعہ العانی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں معزز شخصیات کو بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے سپیکر اور وزیر تجارت نے خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان آنے کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، صحت، زراعت، زائرین کے انتظامات اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔تمام ملاقاتیں انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئیں، جو پاکستان اور عراق کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور دونوں ممالک کی جانب سے باہمی مفاد کے لیے اپنی ہمہ جہت شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاس تھیں۔

مزید خبریں