سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کرغزستان میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ویمنز فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ فورم میں ایس سی او کے دیگر رکن ممالک کے وفود نے بھی شرکت کی۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان سماجی و معاشی تعاون کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے باہمی اشتراک کو مضبوط بنانے …
سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کی کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم ویمنز فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کرغزستان میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ویمنز فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ فورم میں ایس سی او کے دیگر رکن ممالک کے وفود نے بھی شرکت کی۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان سماجی و معاشی تعاون کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے باہمی اشتراک کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ شرکاء نے خواتین کے لیے معاشی اور کاروباری مواقع میں اضافے، سرکاری اداروں میں ان کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بنانے، بین الاقوامی تنظیموں میں ان کی شرکت بڑھانے اور عالمی فیصلہ سازی کے عمل میں ان کے کردار کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
فورم کے موقع پر سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے اسلامی جمہوریہ ایران کی خواتین اور خاندانی امور کی نائب صدر اور ان کے ہمراہ ایرانی وفد سے ملاقات کی۔ ایرانی وفد نے ایران۔امریکہ تنازع کے دوران پاکستان کے مثبت اور تعمیری ثالثی کردار اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کیلئے مسلسل کوششوں پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے پاکستان پر اعتماد کے اظہار پر ایرانی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں امن، تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔فورم کے دوران سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کرغزستان کی سابق صدر روزا اوتنبایوا سے بھی ملاقات کی، جس میں خواتین کی قیادت، علاقائی تعاون اور مشترکہ ترقیاتی اہداف پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انہوں نے ایس سی او کے رکن ممالک کے مندوبین سے بھی ملاقاتیں کیں اور پاکستان میں آئندہ ایس سی او ویمنز فورم کے انعقاد کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوششیں کیں۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ آئندہ ایس سی او ویمنز فورم ستمبر میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔ سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کرغزستان کی حکومت کی جانب سے فورم کے شرکاء کے اعزاز میں منعقدہ ثقافتی تقریب میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے کرغزستان کے روایتی ملبوسات اور ثقافتی نوادرات کی نمائش کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملک کے شاندار ثقافتی ورثے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اسے سراہا۔ سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے فورم کے کامیاب انعقاد اور بہترین انتظامات پر منتظمین کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔







