نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ آن لائن حج پورٹل کے ذریعے ایک لاکھ پچاس ہزار حج درخواستوں کی رجسٹریشن کا ہدف عبور کر لیا گیا ہے،ترجمان وزارت مذہبی امور

نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ آن لائن حج پورٹل کے ذریعے ایک لاکھ پچاس ہزار حج درخواستوں کی رجسٹریشن کا ہدف عبور کر لیا گیا ہے،ترجمان وزارت مذہبی امور

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ آن لائن حج پورٹل کے ذریعے صرف آٹھ دنوں میں ایک لاکھ پچاس ہزار حج درخواستوں کی رجسٹریشن کا ہدف عبور کر لیا گیا ہے، جو سرکاری خدمات کی ڈیجیٹل فراہمی اور ای گورننس کے شعبے میں ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ پیر کو وزارت کے ترجمان عمر بٹ کے مطابق موجودہ حکومت کے ویژن کے تحت حج انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کے اقدامات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ آن لائن حج پورٹل اور موبائل ایپ "پاک حج” کے ذریعے عازمین حج کو گھر بیٹھے آسان، شفاف اور تیز رفتار رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رجسٹریشن کے ابتدائی آٹھ روز میں ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد عازمین حج نے بغیر کسی دفتری کارروائی کے اپنی حج رجسٹریشن مکمل کی، جسے عوامی سطح پر ڈیجیٹل گورننس کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے نئے ڈیجیٹل نظام کو سراہتے ہوئے اسے سرکاری خدمات کی فراہمی میں شفافیت، سہولت اور جدید طرز حکمرانی کی جانب ایک مؤثر پیش رفت قرار دیا ہے۔وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق حج واجبات کی وصولی بھی مکمل طور پر ڈیجٹیل ہونے کی طرف گامزن ہے۔ رجسٹریشن کے بعد اگلے مرحلے میں حج واجبات کی ادائیگی کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔

منصوبے کے تحت عازمین حج آن لائن حج پورٹل یا موبائل ایپ "پاک حج” کے ذریعے گھر بیٹھے اپنے حج واجبات ادا کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے ون لنک کے ذریعے حج واجبات کی وصولی کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت عازمین حج کو بینکوں یا دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ رجسٹریشن سے لے کر ادائیگی تک تمام مراحل چند کلکس کے ذریعے مکمل کیے جا سکیں گے۔ماہرین کے مطابق یہ نیا ڈیجیٹل ماڈل سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بھی ایک بڑی سہولت بن کر سامنے آ رہا ہے، کیونکہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے سے اپنی حج رجسٹریشن، درخواست کا اسٹیٹس اور حج واجبات کی ادائیگی کا عمل باآسانی مکمل کر سکیں گے۔

وزارت مذہبی امور نے آن لائن حج پورٹل اور "پاک حج” موبائل ایپ میں متعدد نئے فیچرز بھی متعارف کروا دیے ہیں، جن کے ذریعے درخواست گزار اب صرف ایک کلک سے اپنی درخواست کا اسٹیٹس، رجسٹریشن کی تفصیلات اور دیگر ضروری معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ پیش رفت حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل، شفاف اور عوام دوست بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔

 

مزید خبریں