پارلیمنٹ جمہوری نظام کی بنیاد اور عوام کی آواز کا سب سے مؤثر پلیٹ فارم ہے،ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

کوئٹہ۔ 29 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ جمہوری نظام کی بنیاد اور عوام کی آواز کا سب سے مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ مضبوط، فعال اور جوابدہ پارلیمنٹ ہی ریاستی اداروں کے درمیان توازن، عوامی مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بین …

کوئٹہ۔ 29 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ جمہوری نظام کی بنیاد اور عوام کی آواز کا سب سے مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ مضبوط، فعال اور جوابدہ پارلیمنٹ ہی ریاستی اداروں کے درمیان توازن، عوامی مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بین الاقوامی یومِ پارلیمان کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پارلیمانیں قانون سازی، عوامی نمائندگی اور جمہوری اقدار کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔

پارلیمنٹیرینز کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کریں اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کی مؤثر سیاسی شمولیت ایک مضبوط جمہوری معاشرے کی پہچان ہے۔ خواتین پارلیمنٹیرینز نے قانون سازی اور پالیسی سازی کے عمل میں اہم کردار ادا کرکے ثابت کیا ہے کہ خواتین کی شرکت کے بغیر حقیقی ترقی کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کی سیاسی، سماجی اور معاشی شمولیت کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں مزید مؤثر کردار دیا جا سکے۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت کا اصل مقصد عوامی خدمت، انصاف کی فراہمی اور ریاستی نظام کو عوام کی ضروریات کے مطابق بنانا ہے۔ نوجوان نسل کو جمہوری اقدار، آئینی شعور اور پارلیمانی روایات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم قومی مفاد، برداشت اور مکالمے کی روایت کو فروغ دینا ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے دنیا بھر کے پارلیمنٹیرینز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری اداروں کے استحکام، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور عوامی فلاح کے لیے کردار ادا کرنا ہی حقیقی جمہوری نمائندگی کا تقاضا ہے۔

 

مزید خبریں