دی ڈائس فورم کا بلغاریہ کے سفارتخانہ کے تعاون سے مشعل سکول کو کتابوں کا بڑا عطیہ

دی ڈائس فورم نے بلغاریہ کے سفارتخانہ کے تعاون سے ’’کتاب پراجیکٹ‘‘ کے تحت مشعل سکول کو کتابوں کا ایک بڑا ذخیرہ عطیہ کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ، مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینا اور طلبہ کو معیاری تعلیمی وسائل کی فراہمی ہے۔

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):دی ڈائس فورم نے بلغاریہ کے سفارتخانہ کے تعاون سے ’’کتاب پراجیکٹ‘‘ کے تحت مشعل سکول کو کتابوں کا ایک بڑا ذخیرہ عطیہ کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں شرح خواندگی میں اضافہ، مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینا اور طلبہ کو معیاری تعلیمی وسائل کی فراہمی ہے۔منگل کو منعقدہ تقریب میں پاکستان میں بلغاریہ کی سفیر ارینا گانچیوا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل، دی ڈائس فورم کی چیئرپرسن عالیہ آغا، مشعل اسکول کی صدر فوزیہ عاصم، اساتذہ اور طلبہ بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دی ڈائس فورم کی چیئرپرسن عالیہ آغا نے کہا کہ کتابوں کا یہ عطیہ صرف کتابوں کی تقسیم نہیں بلکہ نوجوان نسل کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے اور معاشرتی ترقی کے لئے تعلیم سب سے مؤثر ذریعہ ہے جبکہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں کتابیں نوجوانوں میں مطالعے کی عادت اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے بلغاریہ کے سفارتخانہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور تعلیمی تعاون کے فروغ کی بہترین مثال ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل نے اپنے خطاب میں ڈائس فورم کے ’’کتاب پراجیکٹ‘‘ کو تعلیمی شعبے کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت سکولوں کو کتابیں فراہم کرنے اور لائبریریوں کے قیام میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔بلغاریہ کی سفیر ارینا گانچیوا نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں بھی کتابیں علم، شعور اور شخصیت سازی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیمی مواد نوجوانوں کو ذمہ دار اور باشعور شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کتاب پراجیکٹ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔مشعل سکول کی صدر فوزیہ عاصم نے بلغاریہ کے سفارتخانے، ڈائس فورم اور ایف پی سی سی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عطیہ کی جانے والی کتابوں سے سکول کی لائبریری مزید مستحکم ہوگی اور طلبہ کو سیکھنے اور تحقیق کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔تقریب کے اختتام پر مشعل سکول کی لائبریری کے لئے کتابیں باضابطہ طور پر حوالے کی گئیں جبکہ مہمانوں نے طلبہ سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر شرکاء نے ملک بھر میں لائبریریوں کے فروغ اور کتابوں تک آسان رسائی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

مزید خبریں