ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 7 ممتاز اساتذہ کو تدریس، تحقیق اور علمی خدمات میں نمایاں کارکردگی پر بہترین یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈز سے نواز ا

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 7 ممتاز اساتذہ کو تدریس، تحقیق اور علمی خدمات میں نمایاں کارکردگی پر بہترین یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈز سے نواز ا

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے "بیسٹ یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ 2025” کے تحت ملک بھر کی جامعات سے تعلق رکھنے والے سات ممتاز اساتذہ کو تدریس، تحقیق اور علمی خدمات میں نمایاں کارکردگی پر بہترین یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈز سے نواز ا۔ ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، مشیر برائے تحقیق و اختراع ڈاکٹر محمد علی ناصر، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرو ریکٹرز، انتخابی کمیٹیوں کے ارکان اور ایچ ای سی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ایوارڈ یافتگان میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد واہ کیمپس کی ڈاکٹر نادیہ نواز (انجینئرنگ، مینوفیکچرنگ اینڈ کنسٹرکشن)، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے ڈاکٹر راشد جلیل (نیچرل سائنسز، ریاضی و شماریات)، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے ڈاکٹر عرفان بشیر (تعلیم)، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے ڈاکٹر ابرار اشرف علی (صحت و بہبود)، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور کے ڈاکٹر اویس مفتی (بزنس، ایڈمنسٹریشن اینڈ لا)، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے ڈاکٹر احسن الحق (سوشل سائنسز، صحافت و اطلاعات) اور یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے ڈاکٹر راؤ زاہد (زراعت، جنگلات، ماہی گیری و ویٹرنری) شامل ہیں۔

تمام ایوارڈ یافتگان کو 10 لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ یہ ایوارڈ صرف تدریسی مہارت کا اعتراف نہیں بلکہ طلبہ کی مؤثر رہنمائی، علم کی ترویج اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ صلاحیتوں کی نشوونما میں اساتذہ کے کردار کا اعتراف بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو دیانتداری، پیشہ وارانہ اخلاقیات اور مسلسل سیکھنے کے جذبے کے ذریعے طلبہ کے لئے مثالی کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے جامعات پر زور دیا کہ وہ ایسے علم، مہارتوں اور اختراعات کو فروغ دیں جو نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے اور معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے قابل بنائیں۔ چیئرمین ایچ ای سی نے شفاف اور سخت جانچ کے عمل کو کامیاب بنانے پر جائزہ کمیٹیوں اور ایچ ای سی کی ٹیم کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں کہا کہ تدریس دنیا کے باوقار ترین پیشوں میں سے ایک ہے اور اساتذہ قوم کے مستقبل کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک استاد کے لئے سب سے بڑا اعزاز معاشرے کی عزت و احترام ہے، جو وہ اپنی محنت، دیانت داری اور علمی خدمات کے ذریعے حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ ای سی نے بہترین یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ کا آغاز 2003 میں کیا تھا، جس کے تحت ہر سال ملک بھر کی جامعات اپنے نمایاں اساتذہ کو نامزد کرتی ہیں تاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تدریسی معیار اور علمی تحقیق کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

مزید خبریں