سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں چوہدری محمد لطیف ایڈووکیٹ مرحوم کی یاد میں فل کورٹ تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیاگیا۔چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی سربراہی میں سینئر جج جسٹس رضا علی خان اور جسٹس خالد یوسف چوہدری نے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی
سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں چوہدری محمد لطیف ایڈووکیٹ مرحوم کی یاد میں فل کورٹ تعزیتی ریفرنس کا انعقاد
مظفرآباد ۔30جون (اے پی پی):سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں چوہدری محمد لطیف ایڈووکیٹ مرحوم کی یاد میں فل کورٹ تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیاگیا۔چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی سربراہی میں سینئر جج جسٹس رضا علی خان اور جسٹس خالد یوسف چوہدری نے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی۔پی آئی ڈی کیمپ آفس راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق فل کورٹ تعزیتی ریفرنس میں ایڈووکیٹ جنرل راجہ محمد ندیم خان ،وائس چیئرمین بار کونسل ہارون ریاض مغل ،صدر سپریم کورٹ بار راجہ آفتاب احمد خان ،صدر ہائی کورٹ بار راجہ جہانگیر اکرم خان اور صدر سینٹرل بار ایسوسی ایشن ضیغم افتخار ایڈووکیٹ کے علاوہ بار کونسل کے ممبران ،عہدیداران اور سینئر وکلا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے چوہدری محمد لطیف ایڈووکیٹ مرحوم کی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر ذی روح نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے، ہم سب کو ایک دن اس دنیا فانی سے رخصت ہونا ہے، انسان کا اخلاق اور کردار ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔چوہدری محمد لطیف ایڈووکیٹ نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس تعینات ہوئے تھے۔انہوں نے آزادجموں و کشمیر میں بطور ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو بینک ، جوائنٹ سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری، سیکرٹری سروسز،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2000ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد وکالت شروع کی اور سروس کے مقدمات میں بالخصوص نام پیدا کیا۔چوہدری محمد لطیف ایڈووکیٹ نہایت خوش اخلاق، خوش گفتار، نفیس، عبادت گزار اور بلند شخصیت کے مالک تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔تعزیتی ریفرنس سے ایڈووکیٹ جنرل راجہ محمد ندیم خان ، وائس چیئرمین بار کونسل ہارون ریاض مغل ، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ آفتاب احمد خان، صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ جہانگیر اکرم اور صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن ضیغم افتخار ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے چوہدری محمد لطیف ایڈووکیٹ کی بطور سی ایس ایس آفیسر ، بطور رجسٹرار کوآپریٹو بینک ، سیکرٹری حکومت اور بطور وکیل خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ریفرنس کے اختتام پر چوہدری محمد لطیف ایڈووکیٹ مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی۔









