گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں، نوجوانوں پر اعتماد اور انہیں بااختیار بنانا قومی ترقی کی ضمانت ہے، خیبر پختونخوا کےنوجوان غیر معمولی صلاحیتوں اور بے پناہ ٹیلنٹ کے مالک ہیں،اگر انہیں مواقع دیئے جائیں تو وہ ہر میدان میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
نوجوانوں پر اعتماد اور انہیں بااختیار بنانا قومی ترقی کی ضمانت ہے، فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں، نوجوانوں پر اعتماد اور انہیں بااختیار بنانا قومی ترقی کی ضمانت ہے، خیبر پختونخوا کےنوجوان غیر معمولی صلاحیتوں اور بے پناہ ٹیلنٹ کے مالک ہیں،اگر انہیں مواقع دیئے جائیں تو وہ ہر میدان میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوغلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ ،سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔ تقریب میں صدر بورڈ آف گورنرز و ایگزیکٹو کمیٹی، سابق وفاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان، رکن بورڈ آف گورنرز وایگزیکٹو کمیٹی شکیل درانی،ریکٹر جی آئی کے آئی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد، طلبہ، والدین اور اساتذہ کی کثیر تعداد شریک تھی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کامیاب طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو میڈلز اور اعزازات سے نوازا گیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے گریجویشن مکمل کرنے والے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی محنت، لگن، والدین کی دعاؤں اور خاندان کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس ہال میں صرف گریجویٹس نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کے انجینئرز موجود ہیں جو ملک کی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور تعمیرِ نو میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ کا شمار پاکستان کی ممتاز انجینئرنگ جامعات میں ہوتا ہے اور وقت نے ثابت کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نےعالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کا روشن مستقبل نوجوانوں کی صلاحیتوں اور مثبت سوچ سے وابستہ ہے۔ گورنر کے پی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت،گرین انرجی، سائبر سکیورٹی اور دیگر جدید علوم میں مہارت حاصل کریں کیونکہ جدید ٹیکنالوجی میں مہارت ہی عالمی سطح پر کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ قوم کی تعمیر، خدمت اور مثبت تبدیلی کا عزم بھی ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر جنوبی اور شمالی اضلاع میں غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ کے مزید کیمپسز قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے صوبے کے دور دراز علاقوں کے طلبہ کو بھی معیاری انجینئرنگ تعلیم اور جدید تحقیقی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔








