بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں بینظیر کفالت پروگرام کی آئندہ قسط کی ادائیگی کے نئے نظام کے موثر نفاذ کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد
بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں بینظیر کفالت پروگرام کی آئندہ قسط کی ادائیگی کے نئے نظام کے موثر نفاذ کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد
اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں منگل کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے بینظیر کفالت پروگرام کی آئندہ قسط کی ادائیگی کے نئے نظام کے موثر نفاذ کے لیے بڑے پیمانے پر تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا ،جس میں بی آئی ایس پی کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔ بی آئی ایس پی کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے تربیت میں شریک افسران اور سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خواتین کو زیادہ سہل، محفوظ اور باوقار طریقے سے ادائیگیوں کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل والٹ نظام متعارف کرا رہا ہے جس کے کامیاب نفاذ میں ہر شخص کا کردار نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ادائیگی نظام کے آغاز کے ساتھ بی آئی ایس پی کی جانب سے خصوصی موبلائزیشن اور مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جنہیں تربیت فراہم کرنے کے بعد فیلڈ میں بھیجا جا رہا ہے،یہ ٹیمیں پوائنٹس آف سیلز اور متعلقہ علاقوں کا دورہ کریں گی اور مستحق خواتین کی رہنمائی اور معاونت کے لیے دستیاب رہیں گی۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ اگر کسی مستحق خاتون کو ادائیگی کے عمل، ڈیجیٹل والٹ یا کسی بھی قسم کی شکایت یا معلومات درکار ہوں تو وہ فیلڈ میں موجود بی آئی ایس پی نمائندوں سے رابطہ کر سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ مستحق خواتین اپنی معاونت اور رہنمائی کے لیے متعلقہ بی آئی ایس پی دفاتر سے بھی رجوع کر سکتی ہیں۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ چونکہ یہ ایک نیا نظام ہے، اس لیے ابتدائی مراحل میں بعض چیلنجز سامنے آ سکتے ہیں تاہم ان مسائل کے بروقت حل اور مستحق خواتین کی سہولت کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی سیشن کا مقصد یہی ہے کہ فیلڈ میں موجود ٹیمیں مکمل معلومات کے ساتھ خواتین کی مدد کر سکیں اور انہیں ادائیگی کے عمل میں درپیش مشکلات کا فوری حل فراہم کیا جا سکے۔









