شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوشگوار تفریحی ماحول کی فراہمی ہارٹیکلچر ایجنسی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ایم ڈی احمد حسن رانجھا

ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوشگوار تفریحی ماحول کی فراہمی ہارٹیکلچر ایجنسی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے

راولپنڈی۔30جون (اے پی پی):ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوشگوار تفریحی ماحول کی فراہمی ہارٹیکلچر ایجنسی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کمیٹی چوک چلڈرن پارک سمیت شہر کے تمام پارکس کی خوبصورتی، صفائی اور تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہری، خصوصاً بچے اور اہلِ خانہ، محفوظ اور بہترین ماحول میں اپنی تفریح کے لمحات گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں میں موسمی پھولوں اور سایہ دار پودوں کی شجرکاری، سبزہ زاروں کی باقاعدہ دیکھ بھال، جدید باغبانی اور صفائی کے مؤثر نظام کے ذریعے شہر کے حسن میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی تفریحی مقامات کو مزید دلکش اور فعال بنانا ادارے کے ویژن کا اہم حصہ ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ احمد حسن رانجھا نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پارکوں، پودوں اور دیگر عوامی املاک کی حفاظت کو اپنی مشترکہ ذمہ داری سمجھیں، صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ماحول دوست رویہ اختیار کرتے ہوئے شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے میں ہارٹیکلچر ایجنسی کا ساتھ دیں۔