سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے آبی حقوق کو عالمی سطح کا قانونی تحفظ حاصل ہے، طارق فضل چوہدری
سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے آبی حقوق کو عالمی سطح کا قانونی تحفظ حاصل ہے، طارق فضل چوہدری
اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے آبی حقوق کو عالمی سطح کا قانونی تحفظ حاصل ہے، پاکستان کے آبی حقوق ہماری قومی سلامتی کا ایک لازمی حصہ ہیں۔ منگل کو ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج سندھ طاس معاہدے پرمنعقد ہونے والے بین الاقوامی سیمینار میں اہم گفتگو ہوئی ہے، سیمینار میں دو ٹوک انداز میں اعادہ کیا گیا کہ کسی بھی عالمی معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور جائز قومی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، پاکستان امن، بامعنی مذاکرات اور قواعد پر مبنی بین الاقوامی نظام پر غیرمتزلزل یقین رکھتا ہے، علاقائی استحکام اسی وقت ممکن ہے جب بین الاقوامی معاہدوں اور وعدوں کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یکطرفہ اقدامات کے ذریعے عالمی معاہدوں کو کمزور کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔









