نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت آٹزم سینٹر آف ایکسی لینس کے ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس، منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت آٹزم سینٹر آف ایکسی لینس کے ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس، منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو اسلام آباد میں سینٹر آف ایکسی لینس فار آٹزم کے ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ادارے کی پیش رفت کا جائزہ اور آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر سے متاثرہ بچوں کے لیے جامع تعلیم، ابتدائی مداخلت اور معاون خدمات کو مزید موثر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر حکومت پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آٹزم کے حامل افراد کے لیے ایک جامع اور موثر معاون ماحول فراہم کیا جائے گا۔

وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے کمیٹی کو اسلام آباد میں آٹزم سے متاثرہ بچوں کے لیے جدید ترین سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اس شعبے کے معروف ماہرین کی آراء بھی طلب کی گئیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ خصوصی بچوں کی ضروریات کے مطابق معیاری تعلیم اور خدمات کی فراہمی کے لیے عالمی بہترین طریقہ کار کو اپنایا جائے اور حکومت کے اس عزم پر تیزی سے عمل درآمد کرتےہوئے یہ سینٹر آف ایکسی لینس جلد از جلد قائم کیا جائے۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکریٹریز برائے تعلیم و صحت اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔