مری کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے، ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی لانے اور شہریوں و سیاحوں کو جدید، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے 15 جدید گرین الیکٹرک بسیں ضلعی انتظامیہ مری کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ منصوبہ مری میں ماحول دوست اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ …
مری میں 15 جدید گرین الیکٹرک بسیں ضلعی انتظامیہ کے حوالے
راولپنڈی۔ 30 جون (اے پی پی):مری کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے، ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی لانے اور شہریوں و سیاحوں کو جدید، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے 15 جدید گرین الیکٹرک بسیں ضلعی انتظامیہ مری کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ منصوبہ مری میں ماحول دوست اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کی شمولیت سے فضائی آلودگی اور کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی آئے گی، جس سے ملکہ کوہسار کا قدرتی حسن مزید محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ان جدید بسوں کے ذریعے نہ صرف مری کے مقامی شہریوں بلکہ سال بھر مری آنے والے لاکھوں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بھی آرام دہ، محفوظ، معیاری اور کم لاگت سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ بسیں مسافروں کے لیے بہترین سفری تجربہ فراہم کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ منصوبے کے تحت بسوں کی بلا تعطل سروس کو یقینی بنانے کے لیے جدید الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے جبکہ ان بسوں کو مری کے اہم شاہراہوں، سیاحتی مقامات اور مصروف روٹس پر چلایا جائے گا تاکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے، ایندھن کے استعمال میں کمی آئے اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب مری کی ترقی، جدید شہری سہولیات کی فراہمی اور ماحول دوست منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین الیکٹرک بسوں کا یہ منصوبہ مری کے عوام اور یہاں آنے والے سیاحوں کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک شاندار تحفہ ہے جس سے نہ صرف سفری نظام مزید بہتر ہوگا بلکہ مری کو ایک جدید، صاف ستھرا اور ماحول دوست سیاحتی شہر بنانے کے حکومتی وژن کو بھی تقویت ملے گی۔








