پاکستان بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس ٹرانزیکشنز کا نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ، وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج سے پاکستان بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس ٹرانزیکشنز کا نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، اس اہم اقدام کے بعد شہریوں کو فیس جمع کرانے کے لئے گھنٹوں انتظار اور طویل قطاروں کی زحمت سے مستقل نجات مل گئی ہے۔

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج سے پاکستان بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس ٹرانزیکشنز کا نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، اس اہم اقدام کے بعد شہریوں کو فیس جمع کرانے کے لئے گھنٹوں انتظار اور طویل قطاروں کی زحمت سے مستقل نجات مل گئی ہے۔وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ یہ اہم اصلاحاتی قدم وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر اٹھایا گیا ہے جسے پاسپورٹ ٹیم نے کامیابی سے مکمل کر کے عوام کے لئے پیش کر دیا ہے۔

انہوں نے اس سنگِ میل کو پبلک سروسز کو تیز تر، شفاف اور شہریوں کے لئے زیادہ سے زیادہ آسان بنانے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیتے ہوئے پوری پاسپورٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور مستقبل میں ایسے مزید اہداف حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق عوام کی سہولت کے لئے متعارف کرائے گئے اس جدید نظام کے تحت اب شہری صرف ایک منٹ میں فیس ادا کر کے اپنا پاسپورٹ بنوا سکتے ہیں۔ شہریوں کو اب دفاتر میں نقد رقم دینے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ وہاں موجود کیو آر کوڈ کو سکین کر کے اپنے موبائل میں موجود کسی بھی بینکنگ ایپ یا ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے فیس ادا کر سکیں گے۔

اس ڈیجیٹل نظام کے تحت شہریوں کو دن رات چوبیس گھنٹے (24/7) ادائیگی کی سہولت میسر ہوگی۔ کیو آر کوڈ کے ذریعے ہونے والی یہ ادائیگی نہ صرف انتہائی محفوظ اور تیز ترین ہے بلکہ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ فیس منتقل ہوتے ہی سسٹم کے ذریعے اس کی فوری تصدیق بھی ہو جاتی ہے۔ اس جدید سروس کے بارے میں مزید معلومات کے لئے شہری محکمے کی آفیشل ویب سائٹ یا ہیلپ لائن نمبر پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں