پشاور،معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا بی آر ٹی سٹیشنز کا دورہ

معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سمیع اللہ خان نےبی آر ٹی سٹیشنز کادورہ کیا۔

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سمیع اللہ خان نےبی آر ٹی سٹیشنز کادورہ کیا۔ تر جمان محکمہ ٹرانسپورٹ خیبرپختونخواکے مطابق سمیع اللہ خان نے عام شہری کی طرح قطار میں کھڑے ہو کر بی آر ٹی کا ٹکٹ حاصل کیا اور بس میں سفر کیا۔معاون خصوصی نے دورانِ سفر مسافروں سے بی آر ٹی سروس، سہولیات اور مسائل پر براہِ راست گفتگو کی۔سمیع اللہ خان نےمختلف بی آر ٹی سٹیشنز پر انتظامات، صفائی، سہولیات اور سروس کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔معاون خصوصی نے مختلف سٹیشنز پر تعینات عملے کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا بھی جائزہ لیا۔معاون خصوصی کاعوامی تجاویز کی روشنی میں بی آر ٹی نظام کو مزید موثر اور عوام دوست بنانے کے عزم کا اظہارکیا ۔اس موقع پر معاون خصوصی سمیع اللہ نے کہا کہ عوامی خدمت کا تقاضا ہے کہ سرکاری نظام کا جائزہ دفاتر میں نہیں بلکہ عوام کے درمیان جا کر لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ، باوقار اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں عوامی سہولت اور معیاری خدمات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔