چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کا مون سون اور گلوف خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں بارے جائزہ اجلاس ، غفلت پر فوری کارروائی کا حکم

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نےمون سون سیزن اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلاف) کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ تمام محکموں کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

گلگت۔ 03 جولائی (اے پی پی):چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نےمون سون سیزن اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلاف) کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ تمام محکموں کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں اور باہمی رابطہ و ہم آہنگی کو مزید موثر بنائیں۔اجلاس کے بعد چیف سیکرٹری نے مناور گلگت میں واقع گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (GBDMA) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) اور ہنگامی امدادی سامان کے ذخائر کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہیں قدرتی آفات کی نگرانی، پیشگی انتباہی نظام، رسپانس میکانزم اور مجموعی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں چیف سیکرٹری نے منوگا نالہ گلگت کا دورہ کرکے جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا، زمینی صورتحال کا معائنہ کیا اور مقامی رہائشیوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور تحفظات سنے۔دورے کے دوران بعض انتظامی اور آپریشنل خامیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے متعلقہ عملے کے خلاف فوری انتظامی اور تادیبی کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مون سون کے دوران ہر وقت الرٹ رہیں ۔