وزیراعظم شہباز شریف کی ملک بھر میں غیر معیاری سرنجز کی تیاری اور استعمال پر مکمل پابندی لگانے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعدی امراض کے پھیلاؤ کے فوری سد باب کے لیے ملک بھر میں غیر معیاری سرنجز کی تیاری اور استعمال پر مکمل پابندی لگانے اورمجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد اور ہسپتالوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعدی امراض کے پھیلاؤ کے فوری سد باب کے لیے ملک بھر میں غیر معیاری سرنجز کی تیاری اور استعمال پر مکمل پابندی لگانے اورمجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد اور ہسپتالوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایڈز اور ہیپاٹائٹس سی جیسے متعدی امراض کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر جائزہ اجلاس جمعہ کویہاں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان ، گلوبل فنڈ کی نمائندہ Izaskun Gaviria، پبلک ہیلتھ کے ماہرین، وزرات قومی صحت، ڈریپ کے نمائند وں اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متعدی امراض کے پھیلاؤ کے فوری سد باب کے لیے ملک بھر میں غیر معیاری سرنجز کی تیاری اور استعمال پر مکمل پابندی لگائی جائے۔ انہوں نے خلاف ضابطہ سرنجز کے استعمال میں ملوث یا اس کی روک تھام میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد اور ہسپتالوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور متعدی امراض پر قابو پانے کیلئے ماہرین کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرتے وقت صوبوں سے مشاورت یقینی بنائے۔وزیراعظم نے وزرات قانون اورمتعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک میں ضروری ترامیم تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

انہو ں نے کہا کہ قومی سطح پر جامع حکمت عملی کی تشکیل اور موثر نفاذ ہی اس مسئلے کا حل ہے، سرنجز سے متعدی امراض کے پھیلنے کے مستقل سدباب کیلئے ڈریپ میڈیکل آلات کی انڈسٹری سے مشاورت کرکے پالیسی اقدامات تجویز کرے۔وزیراعظم نے کہا کہ متعدی امراض کے پھیلاؤ کے سد باب کی جاری کوششوں میں بین الاقوامی شراکت داروں کی معاونت انتہائی اہم ہے،علاج سے متعلقہ آلات کی مینوفیکچرنگ اور شعبہ صحت کے عملہ کی عالمی معیار کی ٹریننگ پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کردہ خصوصی ٹاسک فورس اور وزرات قومی صحت کی جانب سے متعدی امراض کے پھیلاؤ کے سد باب کے لیے اٹھائےگئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔