اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی)کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارے کا 47واں اجلاس ایچ ای سی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملک کے اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مزید مؤثر، معیاری اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے اہم پالیسی امور کا جائزہ لیا گیا
ایچ ای سی کے پالیسی ساز ادارےکا اجلاس ، اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مؤثر، معیاری اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے امور کا جائزہ لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی)کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارے کا 47واں اجلاس ایچ ای سی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملک کے اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مزید مؤثر، معیاری اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے اہم پالیسی امور کا جائزہ لیا گیا۔جمعے کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم، گریجویٹس کی صلاحیتوں میں اضافے، تعلیمی معیار کی جدید خطوط پر تشکیل، گورننس کی بہتری اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمیشن نے ملک بھر کی جامعات میں آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن کے مؤثر نفاذ، پروگرام لرننگ آؤٹ کمز (Programme Learning Outcomes) کو معیاری بنانے، کوالٹی انہانسمنٹ کے نظام کو مضبوط کرنے اور طلبہ کی علمی و پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے جامع جائزے سے متعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں نئی جامعات کے قیام سے متعلق ریگولیٹری فریم ورک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں تاکہ قومی ترجیحات اور بین الاقوامی بہترین روایات کے مطابق اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔کمیشن نے انڈرگریجویٹ تعلیم میں جدت، بین الاقوامی تعاون کے فروغ اور موجودہ ضابطہ جاتی فریم ورک کے تحت لبرل آرٹس پروگرامز کی باقاعدہ منظوری کے لئے مربوط طریقہ کار پر بھی غور کیا جبکہ قومی معیارِ تعلیم کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسا متوازن ریگولیٹری ماحول فروغ دیا جائے گا جو تعلیمی تنوع، ادارہ جاتی شاندار کارکردگی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مسلسل بہتری کی حوصلہ افزائی کرے۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ شواہد پر مبنی پالیسی سازی، مضبوط کوالٹی اشورنس نظام اور دور رس اصلاحات کے ذریعے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کو قومی ضروریات اور عالمی رجحانات سے ہم آہنگ رکھا جائے۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، صوبائی ہائر ایجوکیشن محکموں، وائس چانسلرز کمیٹی اور کمیشن کے دیگر معزز اراکین نے شرکت کی۔








