پی ایف اے راولپنڈی کی کارروائی ، 1300 کلو گرام ناقص اور مضر صحت گوشت تلف، دو ملزمان گرفتار

پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) راولپنڈی نے مضر صحت گوشت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے موٹر وے انٹرچینج کے قریب دو بولان گاڑیوں سے 1300 کلو گرام ناقص اور مضر صحت گوشت برآمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا جبکہ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے دونوں گاڑیاں اپنی تحویل میں لے لیں۔

راولپنڈی۔4جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) راولپنڈی نے مضر صحت گوشت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے موٹر وے انٹرچینج کے قریب دو بولان گاڑیوں سے 1300 کلو گرام ناقص اور مضر صحت گوشت برآمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا جبکہ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے دونوں گاڑیاں اپنی تحویل میں لے لیں۔ ہفتہ کو ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملزمان مضر صحت گوشت کو گاڑیوں میں چھپا کر راولپنڈی منتقل کر رہے تھے۔ موقع پر موجود ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کا معائنہ کیا اور اسے انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا جس کے بعد فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت تمام گوشت تلف کر دیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ گوشت ضلع جھنگ سے راولپنڈی سپلائی کیا جا رہا تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبہ بھر میں ناقص، مضر صحت اور غیر معیاری خوراک کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ناقص، مشکوک یا غیر معیاری خوراک کی تیاری یا فروخت سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں