انگلینڈ کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں میزبان میکسیکو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔
فیفا ورلڈکپ2026،میکسیکو کو تاریخی شکست، انگلینڈ کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

مزید خبریں
میکسیکو سٹی ۔6جولائی (اے پی پی):انگلینڈ کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں میزبان میکسیکو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ای ایس پی این کے مطابق انگلینڈ نے میکسیکو کے خلاف ازٹیکا سٹیڈیم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنسنی خیز فتح اپنے نام کی اور ورلڈ کپ کے ٹاپ ایٹ رائونڈ میں جگہ بنالی۔شدید بارش اور طوفان کے باعث میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا تاہم تھامس ٹوچل کی ٹیم نے پراعتماد انداز اپنایا۔پہلے ہاف کے اختتام سے قبل جوڈ بیلنگھم نے صرف 98 سیکنڈ کے اندر 2 گول کرکے انگلینڈ کو مضبوط برتری دلائی۔اگرچہ جولین کوئنونیس نے وقفے سے قبل ایک گول کرکے میکسیکو کی امیدیں برقرار رکھیں اور مقابلہ 1-2 کر دیا لیکن انگلینڈ نے کھیل پر اپنی گرفت قائم رکھی۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں جیرل کوانسا کو ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد انگلینڈ کو 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا جس سے میزبان ٹیم کو دباؤ بڑھانے کا موقع ملا۔اس دوران گول کیپر جارڈن پِکفورڈ نے کئی اہم بچاؤ کرکے ٹیم کو سہارا دیا۔بعد ازاں انتھونی گورڈن پر فاؤل کے نتیجے میں ملنے والی پنالٹی پر ہیری کین نے گول کرکے برتری کو 1-3 کر دیا تاہم بعد میں انہی کی غلطی سے میکسیکو کو بھی پنالٹی ملی جس پر راؤل خیمنیز نے سکور کیا اور مقابلہ 2-3 ہوگیا۔اختتامی لمحات میں میکسیکو نے بھرپور دباؤ ڈالا لیکن ٹوچل نے دفاع مضبوط کرنے کے لیے تبدیلیاں کیں اور انگلینڈ نے 11 منٹ کے اضافی وقت کا کامیابی سے مقابلہ کرتے ہوئے یادگار فتح حاصل کرلی۔واضح رہے کہ میگا ایونٹ کےکوارٹر فائنل میں 11 جولائی کو انگلینڈ کا مقابلہ ناروے سے ہوگا جہاں شائقین ہیری کین اور ایرلنگ ہالینڈ کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھ سکیں گے۔








