بھارت،ممبئی میں شدید بارشوں کے باعث عمارت کا ایک حصہ گرنے سے 6 افراد ہلاک

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں شدید بارشوں کے دوران تین منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ گرنے سے 6 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

نئی دہلی۔6جولائی (اے پی پی):بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں شدید بارشوں کے دوران تین منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ گرنے سے 6 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ شنہوا کے مطابق بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ رات ممبئی کے علاقے مانکھرد میں جنتا نگر کے علاقے پیش آیا، جہاں متعدد رہائشی یونٹس پر مشتمل عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا رہا ہے جبکہ امدادی اور ملبہ ہٹانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ساتھ ہی قریبی عمارتوں کو لاحق ممکنہ خطرات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز ممبئی میں موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کا نظام تقریباً ایک گھنٹے تک متاثر رہا، کئی سڑکیں زیرِ آب آگئیں اور مختلف مقامات پر درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے ممبئی کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شدید بارشوں کی پیشنگوئی کی تھی۔ شدید بارشوں کے باعث ممبئی۔پونے ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی، جس کے نتیجے میں شاہراہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا اور دونوں شہروں کے درمیان ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔