معاشی اصلاحات اور جدیدکاری کے عمل میں ٹیکنالوجی کا فروغ اور سرمایہ کاری کے ذرائع کو متنوع بنانا بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ محمداورنگزیب کا انویسٹ پاک پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ معاشی اصلاحات اور جدیدکاری کے عمل میں ٹیکنالوجی کا فروغ اور سرمایہ کاری کے ذرائع کو متنوع بنانا بنیادی اہمیت رکھتے ہیں،

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ معاشی اصلاحات اور جدیدکاری کے عمل میں ٹیکنالوجی کا فروغ اور سرمایہ کاری کے ذرائع کو متنوع بنانا بنیادی اہمیت رکھتے ہیں،انویسٹ پاک پورٹل کے آغاز سے ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مزید نئے اور آسان سرمایہ کاری کے مواقع فراہم ہوں گے۔انہوں نے یہ بات پیر کراچی میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے انویسٹ پاک پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیرِ خزانہ نے پورٹل کے اجراءپر گورنر اسٹیٹ بینک اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اورکہا کہ یہ اقدام ملک میں سرمایہ کاری کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ اس سے قبل وہ راست پروگرام کے آغاز کے موقع پر بھی اسٹیٹ بینک آئے تھے، آج راست پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کا سب سے مضبوط ستون بن چکا ہے راست پروگرام نے ادائیگیوں کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں، وزیرِ اعظم خود کیش لیس پاکستان اقدام کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ راست اب ایک خودمختار گورننس ڈھانچے اور موثر آپریٹنگ ماڈل کے تحت کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات اور جدیدکاری کے عمل میں ٹیکنالوجی کا فروغ اور سرمایہ کاری کے ذرائع کو متنوع بنانا بنیادی امورہیں اس سلسلے میں نجی شعبے کے تعاون سے جاز کیش کے ذریعے کم از کم پانچ ہزار روپے سے حکومتی ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری کی سہولت متعارف کرائی گئی، جس کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار اس نظام سے مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل کے آغاز سے ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے مزید نئے اور آسان سرمایہ کاری کے مواقع فراہم ہوں گے۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ گزشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے سرمایہ کاروں کی نمایاں تعداد شامل ہوئی ہے، جن میں نوجوان، بالخصوص جنریشن زی کا بڑا حصہ شامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسٹیٹ بینک کا یہ نیا اقدام مزید نوجوانوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ سرمایہ کاری اور مالی وسائل کو متنوع بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ مالیاتی ضروریات کے لیے صرف بینکوں اور مالیاتی اداروں پر انحصار کرنے کے بجائے انفرادی اور ریٹیل سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیا جائے تاکہ سرمایہ کاری کا دائرہ مزید وسیع ہو۔ وزیرِ خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ انویسٹ پاک پورٹل جیسے اقدامات کی کامیابی کے لیے صارفین کی آراء اور ان کے تجربات کو خصوصی اہمیت دینا ناگزیر ہے، کیونکہ مضبوط اعتماد، شفافیت اور ادارہ جاتی ساکھ کا فروغ اسی صورت ممکن ہے۔