سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور یو ایس۔پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے بانی افتخار علی ملک نے امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکی حکومت، قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے
امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی پر افتخار علی ملک کی مبارکباد

مزید خبریں
لاہور۔6جولائی (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور یو ایس۔پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے بانی افتخار علی ملک نے امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکی حکومت، قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کو مزید فروغ دے کر دونوں ممالک کے لئے معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ پیر کو جاری اپنے بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونا ایک تاریخی سنگِ میل ہے، جو جمہوری اقدار، آئینی حکمرانی، جدت، اختراع اور امریکی عوام کے عزم و حوصلے کی علامت ہے۔
انہوں نے امریکی عوام کے لئے امن، ترقی، خوشحالی اور مزید کامیابیوں کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے عالمی معیشت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور انسانی فلاح کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں، جبکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ افتخار علی ملک نے اس امید کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، اختراع اور عوامی روابط میں اضافے سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کو نئے اقتصادی مواقع میسر آئیں گے۔








