حوالدار لالک جان شہید نے مادر وطن کے دفاع کے لیے کارگل سیکٹر پر اپنی پوسٹ کا دفاع کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا، سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کی 27 ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کی 27 ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوالدار لالک جان نے مادر وطن کے دفاع کے لیے کارگل سیکٹر پر اپنی پوسٹ کا دفاع کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے پیر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے فرض شناسی اور بے مثال جرات کی لازوال داستان رقم کی جو قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے 7 جولائی 1999ء کو کارگل جنگ کے دوران دشمن کے مسلسل حملوں کا انتہائی بہادری، استقامت اور پیشہ ورانہ مہارت سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید گولہ باری اور انتہائی دشوار حالات کے باوجود حوالدار لالک جان شہید نے اپنی پوسٹ کا آخری دم تک دفاع کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

سپیکر نے کہا کہ کارگل کے پہاڑ آج بھی حوالدار لالک جان شہید کی بہادری اور جرات کی گواہی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے ہمیشہ قومی خودمختاری، آزادی اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی اور ان کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں قومی اتحاد، استحکام اور دفاعِ وطن کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔سپیکر نے کہا کہ قوم اپنے محافظوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے اللہ تعالی سے حوالدار لالک جان شہید کے درجات کی بلندی اور ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے حوالدار لالک جان شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات، فرض شناسی اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری آنے والی نسلوں کے لیے روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کی امین ہے اور ان کے عظیم کارناموں کو ہمیشہ عزت، احترام اور فخر کے ساتھ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی لازوال قربانیاں ہماری قومی سلامتی، آزادی اور خودمختاری کی مضبوط بنیاد ہیں۔ڈپٹی سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ حوالدار لالک جان شہید کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کو امن، استحکام اور سلامتی کا گہوارہ بنائے۔

مزید خبریں