کمشنر سرگودھا کی زیرِ صدارت ہائی ویلیو سرکاری جائیدادوں اور اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام بارے جائزہ اجلاس
کمشنر سرگودھا کی زیرِ صدارت ہائی ویلیو سرکاری جائیدادوں اور اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام بارے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 06 جولائی (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو) کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا کی تازہ ترین پیش رفت، ہائی ویلیو سرکاری جائیدادوں کی نشاندہی، ان کے موثر استعمال، حکومتی ریونیو میں اضافے کے لیے جاری اقدامات اور حکومت پنجاب کے "اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا، زیر التوا درخواستوں، درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ہائی ویلیو سرکاری جائیدادوں کی نشاندہی، ریکارڈ کی تکمیل، قانونی کارروائی اور ریونیو جنریشن کے حوالے سے بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس کے علاوہ "اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے تحت مستحق کسانوں کو سہولیات کی فراہمی، درخواستوں کی جانچ، اہلیت کے عمل اور پروگرام کے اہداف کے حصول کے لیے جاری اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب ریونیو نظام میں شفافیت، ڈیجیٹل اصلاحات، سرکاری وسائل کے موثر استعمال، زرعی ترقی اور عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کا بروقت اجرا، سرکاری جائیدادوں کا موثر انتظام اور "اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے ذریعے کسانوں کو بااختیار بنانا انہی اصلاحات کا اہم حصہ ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا کے عمل کو مزید تیز کیا جائے، زیر التوا درخواستیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹائی جائیں اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو پنجاب کی پالیسی کے مطابق ہائی ویلیو سرکاری جائیدادوں کی بروقت نشاندہی، ان کی قانونی حیثیت کی تکمیل، اوپن آکشن، لیز اور دیگر شفاف ذرائع سے ان کا بہترین استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ حکومتی آمدن میں نمایاں اضافہ ممکن ہو۔ مزید برآں "اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے تحت اہل کسانوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی، شفاف میرٹ، موثر مانیٹرنگ اور مقررہ اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ زرعی شعبے کی ترقی اور دیہی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر ان تمام امور کی مسلسل نگرانی کریں، روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیں، درپیش رکاوٹوں کو فوری دور کریں اور مقررہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق شفاف، جدید، موثر اور عوام دوست ریونیو نظام کے قیام، سرکاری اثاثوں کے بہترین استعمال، زرعی شعبے کی ترقی، کسانوں کی خوشحالی اور ریونیو میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ صوبے کی معاشی ترقی میں بھی موثر کردار ادا کیا جا سکے۔








