بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 06 جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران تیز ہواؤں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں، سیاحوں، مسافروں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔پیر کو محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں مسلسل بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ آج شام اور رات سے خلیج بنگال سے بھی مرطوب ہواؤں کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوگا جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور خیبر پختونخوا میں 6 جولائی کی رات سے 8 جولائی تک مختلف مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اسی طرح 7 اور 8 جولائی کے دوران وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔پیش گوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی 6 جولائی کی شام اور رات سے 8 جولائی تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ مزید برآں 7 اور 8 جولائی کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے جبکہ کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کے مقامی ندی نالوں اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دوران سفر انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے اس سلسلے کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں جاری شدید گرمی کی شدت میں بتدریج کمی آنے کا بھی امکان ہے۔ ادارے نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔








