گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سرجانی ٹائون میں نادرا میگا سینٹر کا افتتاح کر دیا

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سرجانی ٹائون میں نادرا میگا سینٹر کا افتتاح کر دیا۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے نادرا میگا سینٹر کا افتتاح کرنے کے بعد مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ بھی کیا

کراچی۔ 06 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سرجانی ٹائون میں نادرا میگا سینٹر کا افتتاح کر دیا۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے نادرا میگا سینٹر کا افتتاح کرنے کے بعد مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ سرجانی ٹائون میں نادرا میگا سینٹر کا قیام عوام کو جدید، تیز رفتار اور باوقار سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے سینٹر میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور شناختی دستاویزات کے اجرا کے عمل، فراہم کی جانے والی سہولیات اور عوامی اطمینان کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے نادرا حکام کو شہریوں کو تیز رفتار، شفاف، باوقار اور بلا تعطل خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قومی شناختی کارڈ صرف ایک دستاویز نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی شناخت، حقوق اور ریاست سے تعلق کی علامت ہے،مضبوط شناختی نظام ہی ایک مضبوط، محفوظ اور مستحکم ریاست کی بنیاد ہے۔ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ نادرا نے جدید ٹیکنالوجی، شفاف نظام اور پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔گورنر سندھ نے نادرا میگا سینٹر میں تعینات افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہااور کہا کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری ہر سرکاری ملازم کی اولین ذمہ داری ہے۔یہاں ہر آنے والا شہری عزت، احترام، بروقت رہنمائی اور بہترین سہولت کا مستحق ہے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نادرا پاکستان کا ایک باوقار ادارہ ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کی دہلیز تک خدمات پہنچا رہا ہے، نادرا کی جدید سہولیات سے شہریوں کا قیمتی وقت بچ رہا ہے، ادارے کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ نادرا میں تھلیسیمیا اسکریننگ کی سہولت ایک مثبت اقدام ہے، بیماری سے بچائو کیلئے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے،خوشی ہے کہ میرا بھی تھلیسیمیا ٹیسٹ منفی آیا، شہری بھی اس سہولت سے ضرور استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ Pak ID اور فیشل ریکگنیشن جیسی جدید سہولیات سے عوام کو مزید آسانیاں میسر آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیوں اور نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا روشن اور مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے ۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے موثر کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جدید، موثر اور عوام دوست سرکاری ادارے ہی پاکستان کی ترقی کی رفتار کو تیز کر سکتے ہیں۔