قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ بائیو کیمسٹری کا فال 2026 کے لئے بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلوں کا اعلان
قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ بائیو کیمسٹری کا فال 2026 کے لئے بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلوں کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ بائیو کیمسٹری نے فال 2026 کے لئے بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق خواہشمند پاکستانی اور غیر ملکی طلبہ مقررہ تاریخ تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔ بی ایس پروگرام میں داخلے کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے USAT ٹیسٹ کا پاس ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ امیدواروں کو رجسٹریشن کے لئے ایچ ای سی کے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی) پورٹل سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
داخلوں کے خواہشمند طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اہلیت، داخلہ پالیسی، مطلوبہ دستاویزات اور درخواست کے طریقہ کار سمیت مکمل معلومات کے لئے قائداعظم یونیورسٹی کی ویب سائٹ اور ایچ ای سی کے ای ٹی سی پورٹل سے رہنمائی حاصل کریں۔ جامعہ انتظامیہ نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کئے بغیر اپنی درخواستیں بروقت جمع کرائیں تاکہ کسی بھی تکنیکی یا انتظامی دشواری سے بچا جا سکے۔








