گوجرانوالہ،ڈپٹی کمشنر نے چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، طبی سہولیات کا جائزہ لیا
گوجرانوالہ،ڈپٹی کمشنر نے چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے چلڈرن ہسپتال گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، عملے کی کارکردگی اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے دورے کا آغاز او پی ڈی سے کیا جہاں انہوں نے رجسٹریشن کاؤنٹر، مریضوں کی آمد، معائنے کے عمل اور ڈاکٹروں کی حاضری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بچوں کے علاج کے لیے آنے والے والدین سے ملاقات کی، ان سے علاج معالجے، ادویات کی دستیابی اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی آراء بھی حاصل کیں۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو انتظار کی زحمت کم سے کم ہو اور تمام طبی خدمات بروقت فراہم کی جائیں۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، مختلف شعبہ جات، فارمیسی، انتظار گاہ اور کینٹین کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی میں موجود طبی سہولیات، آلات، ادویات اور عملے کی موجودگی کا جائزہ لیا جبکہ فارمیسی میں ضروری ادویات کے سٹاک اور فراہمی کے نظام کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت بھی کی اور ان کے والدین سے علاج کے معیار، ڈاکٹرز کے رویے اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بچوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے اور علاج معالجے کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات، ویسٹ مینجمنٹ، واش رومز، انتظار گاہوں اور کینٹین میں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ مریضوں اور تیمارداروں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کا بنیادی مقصد عوام کو معیاری، بروقت اور باوقار طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کے معیار، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور مریض دوست ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔








