سعودی عرب ،ٹوورازم پیکج ویزہ سروس کے تجرباتی مرحلے کا آغاز

سعودی عرب کی وزارتِ سیاحت نے ’ٹوورازم پیکج ویزہ‘ سروس کے تجرباتی مرحلے کا آغاز کردیا، ابتدائی طور پر مخصوص مارکیٹ کے لیے یہ سروس شروع کی جا رہی ہے

ریاض ۔7جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارتِ سیاحت نے ’ٹوورازم پیکج ویزہ‘ سروس کے تجرباتی مرحلے کا آغاز کردیا، ابتدائی طور پر مخصوص مارکیٹ کے لیے یہ سروس شروع کی جا رہی ہے۔ایس پی اے کے مطابق وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ ٹوورازم پیکج ویزہ وزارت سیاحت، خارجہ اور وزارت داخلہ و انشورنس اتھارٹی کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے جو مملکت آنے والے سیاحوں کے سفری تجربے کو مزید بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سروس کے ذریعے مملکت آنے والے سیاحوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ٹریول اینڈ ٹوورازم سیکٹر کے اشتراک سے جامع سفری پیکج تیار کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔وزارت کے مطابق اس سروس سے سیاحوں کو سفری منصوبہ بندی کے لیے تمام امور ایک ہی جگہ میسر آئیں گے جن میں ویزے کا حصول، ٹکٹ اور ہوٹل بکنگ شامل ہیں۔ جاری سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ برس( 2025 میں) بیرون ملک سے سعودی عرب آنے والے سیاحوں کی تعداد 29 ملین رہی۔