خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج میں پی ایم ڈی سی کا معائنہ ، 150 طلبہ کے داخلوں کےلئے جائزہ مکمل

خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج میں پی ایم ڈی سی کا معائنہ، 150 طلبہ کے داخلوں کے لئے جائزہ مکمل، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)کے انسپکشن وفد نے خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کا دورہ کیا

سیالکوٹ ،07 جولائی (اے پی پی):خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج میں پی ایم ڈی سی کا معائنہ، 150 طلبہ کے داخلوں کے لئے جائزہ مکمل، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)کے انسپکشن وفد نے خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کا دورہ کیا اور ایم بی بی ایس پروگرام میں سالانہ داخلوں کی تعداد 150 کرنے کی درخواست کے سلسلے میں کالج کے تعلیمی، انتظامی اور بنیادی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا۔پی سی ڈی سی وفد کا کالج پہنچنے پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر حما کیانی سیگل نے فیکلٹی کے سینئر اراکین کے ہمراہ استقبال کیا۔ معائنہ کرنے والے وفد میں ڈاکٹر نہید مسعود، ڈاکٹر روبینہ شاہین اور دیگر ارکان شامل تھے۔معائنہ کار وفد نے کالج میں تدریسی و انتظامی معیار، فیکلٹی کی تعداد، اسناد، پی ایم ڈی سی رجسٹریشن، انفراسٹرکچر، لیکچر ہالز، سکل لیبارٹریز، ریسرچ سیل، ڈے کیئر سینٹر، فائر سیفٹی انتظامات، ایمرجنسی اخراج کے راستوں، ادارہ جاتی آرگینوگرام، مشن و وژن، تدریسی ٹائم ٹیبل، سٹڈی گائیڈز، ڈیوٹی روسٹرز، بائیومیٹرک حاضری کے نظام ، عملے کے ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر کالج انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ پی ایم ڈی سی کی ہدایات کے مطابق طبی تعلیم، کلینیکل تربیت، طلبہ کی فلاح و بہبود کا اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھی جائینگی ۔کالج انتظامیہ نے معائنہ کار وفد کی رہنمائی، تجاویز ، تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ مستقبل میں بھی قومی معیار کے مطابق طبی تعلیم کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔