اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا انسانی حقوق کونسل کو ذیلی ادارے کے طور پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ’’سٹیٹس آف ہیومن رائٹس کونسل ‘‘ کے عنوان سے پیش کی گئی قراداد کو بغیر ووٹنگ کے منظور کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ انسانی حقوق کونسل جنرل اسمبلی کے ذیلی ادارے کے طور پر اپنی موجودہ حیثیت برقرار رکھے گی۔

اقوام متحدہ۔7جولائی (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ’’سٹیٹس آف ہیومن رائٹس کونسل ‘‘ کے عنوان سے پیش کی گئی قراداد کو بغیر ووٹنگ کے منظور کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ انسانی حقوق کونسل جنرل اسمبلی کے ذیلی ادارے کے طور پر اپنی موجودہ حیثیت برقرار رکھے گی۔ شنہوا کے مطابق جنرل اسمبلی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ انسانی حقوق کونسل کی حیثیت کا دوبارہ جائزہ اس کے 90ویں اجلاس سے پہلے نہیں اور 95ویں اجلاس سے بعد نہیں لیا جائے گا۔قرارداد میں جنرل اسمبلی نے اس بات کو تسلیم کیا کہ امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق اقوامِ متحدہ کے نظام کے تین بنیادی ستون ہیں اور اجتماعی سلامتی اور عالمی فلاح و بہبود کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ اس میں یہ بھی تسلیم کیا گیا کہ ترقی، امن و سلامتی اور انسانی حقوق ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کو مضبوط بناتے ہیں۔ قرارداد میں انسانی حقوق کونسل اور اس کے میکانزمز کے لیے مناسب اور پائیدار مالی وسائل کی فراہمی کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ واضح رہے کہ انسانی حقوق کونسل 2006 میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے قائم کی تھی۔ یہ 47 رکن ممالک پر مشتمل ایک بین الحکومتی ادارہ ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کو مضبوط بنانا، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملات کا جائزہ لینا اور ان کے حل کے لیے سفارشات پیش کرنا ہے۔