آزاد کشمیر میں مسائل کا حل مذاکرات اور آئینی عمل میں ہے ، خواجہ سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تمام فریقین سے سیاسی و جمہوری راستہ اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل مذاکرات اور آئینی عمل میں ہے، جبکہ چند افراد کو خطے کے امن کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

راولپنڈی۔7جولائی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے آزاد کشمیر میں جاری احتجاج اور کشیدہ صورتحال پر تمام فریقین سے سیاسی اور جمہوری راستہ اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند افراد کو آزاد کشمیر کے امن کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جبکہ مسائل کا واحد حل مذاکرات اور آئینی عمل میں ہے۔

منگل کو یہاں آزاد کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی تبدیلی یا عوامی مسائل کا حل سڑکوں پر تصادم اور شہروں کی بندش میں نہیں بلکہ مذاکرات کی میز پر ہے۔ انہوں نے احتجاج کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی راستہ اختیار کریں اور آزاد کشمیر کے عوام کو مزید مشکلات سے دوچار نہ کریں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال کا آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مناسب حل نکالنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض مطالبات تسلیم کرتے وقت ضرورت سے زیادہ عجلت دکھائی گئی جس کے باعث بعد ازاں مزید مطالبات سامنے آئے اور صورتحال پیچیدہ ہوتی چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ حق کی بات کی ہے اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان اور کشمیر کے درمیان محبت کا رشتہ کبھی ختم نہیں ہو سکتا اور وہ وقت دور نہیں جب مسئلہ کشمیر پر دوبارہ موثر انداز میں بات ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت آزاد کشمیر میں ایک مقبول عوامی قوت ہے اور عوام کی عدالت ہی فیصلہ کرتی ہے کہ کون سی جماعت حقیقی عوامی نمائندہ ہے، اس لیے سیاسی قوتوں کو اپنی مقبولیت کا فیصلہ بیلٹ بکس پر چھوڑ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جبکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام بھارتی تسلط کے خلاف تاریخی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے اور پاکستان کی مسلح افواج نے بھی کشمیر کاز اور ملکی دفاع کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے پاکستان میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈال کر دنیا کو یہ پیغام دیں کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے پر فخر کرتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما ملک ابرار نے کہا کہ عوام انتخابی نشان شیر پر مہر لگا کر پارٹی کو کامیاب بنائیں۔آزاد کشمیر کی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوں گے ۔مسلم لیگ (ن) کی راہنما طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ترقی کی علامت ہے جبکہ راولپنڈی ہمیشہ سے پارٹی کا مضبوط سیاسی قلعہ رہا ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ( ن )کے رہنمائوں ناصر محمود بٹ، انوشہ رحمان، علی ڈار، نعیم اعجاز، شازیہ ساجد، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے امیدوار محمد یاسین لون، راجہ محمد صدیق، پارٹی رہنمائوں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مقررین نے آزاد کشمیر میں 27 جولائی کو ہونے والےانتخابات میں کشمیری عوام سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔