سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) کے زیر اہتمام صنفی بنیادوں پر تشدد سے متعلق سکھر میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا ہے
سرسو کے زیر اہتمام صنفی بنیادوں پر تشدد سے متعلق آگاہی سیمینار

مزید خبریں
سکھر۔ 07 جولائی (اے پی پی):سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) کے زیر اہتمام صنفی بنیادوں پر تشدد سے متعلق سکھر میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا ہے ۔سیمینار کا مقصد شراکت داروں میں آگاہی پیدا کرنا، اجتماعی کوشوں کو فروغ دینا اور متاثرین کے لیے ریفرل میکنزم کو مضبوط بنانا تھا۔ سیمینار کی صدارت انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسکلز ڈویلپمنٹ کے منیجر زبیر سومرو نے کی جبکہ سیمینار کا انتظام سرسو ضلع دفتر سکھر نے کیا۔ سیمینار میں سرکاری محکموں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور کمیونٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔شرکت کرنے والوں میں سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ، پاکستان بیت المال، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ اور پی ایچ آر او کے افسران شامل تھے۔ اس کے علاوہ آئی او ایم، ساحل، ناری فاؤنڈیشن، ایف آر ڈی پی اور گوٹھ سنگار فاؤنڈیشن اور دیگر مقامی این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ کمیونٹی آرگنائزیشنز (COs)، ولیج آرگنائزیشنز (VOs) اور لوکل سپورٹ آرگنائزیشنز (LSOs) کے نمائندوں نے بھی سیمینار میں حصہ لیا۔
شرکت کنندگان کو خوش آمدید کہتے ہوئے سرسو سکھر کے ضلعی منیجر خان محمد نے صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور اس کے تدارک کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔سیمینار میں زبیر سومرو نے صنفی بنیادوں پر تشدد کی مختلف اقسام جیسے جسمانی، جنسی، جذباتی، سماجی اور معاشی تشدد پر روشنی ڈالی اور ان کے فرد، خاندان اور معاشرے پر اثرات کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو بروقت طبی، قانونی، نفسیاتی اور حفاظتی خدمات فراہم کرنے کے لیے مؤثر ریفرل راستے قائم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ سیمینار میں سرسو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد ڈتل کلہوڑو نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے شرکاء بالخصوص کمیونٹی کی خواتین کو حوصلہ دیا کہ وہ کم عمری اور جبری شادیوں جیسے نقصان دہ رسوم اور خواتین و بچیوں پر ہونے والے تشدد کے بارے میں کھل کر بات کریں۔ کمیونٹی کے افراد نے بھی اپنے تجربات اور تجاویز پیش کیں۔سرسو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد ڈتل کلہوڑو نے محفوظ اور جامع کمیونٹیز کی تعمیر کے لیے شرکاء کے عزم کو سراہتے ہوئے ان میں اسناد بھی تقسیم کیں۔








