سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی موجودگی میں منگل کو اسپیکر آفس، خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں خیبر پختونخوا اسمبلی اور بین الاقوامی ادارے ایجوٹورازم فار یونٹی (EduTourism for Unity) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے
خیبر پختونخوا اسمبلی اور ایجوٹورازم فار یونٹی کے مابین تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی موجودگی میں منگل کو اسپیکر آفس، خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں خیبر پختونخوا اسمبلی اور بین الاقوامی ادارے ایجوٹورازم فار یونٹی (EduTourism for Unity) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے سیکرٹری اسمبلی سید وقار شاہ جبکہ ایجوٹورازم فار یونٹی کی جانب سے اوورسیز ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد دانیال اکرم نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔اس موقع پر اراکینِ صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی اور منیر حسین لغمانی بھی موجود تھے۔سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ مضبوط، مؤثر اور جدید پارلیمانی نظام کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک، قائدانہ تربیتی پروگراموں اور مطالعاتی دوروں کے ذریعے اراکین اسمبلی اور پارلیمانی عملے کو عالمی بہترین روایات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا، جس سے قانون سازی، عوامی نمائندگی اور ادارہ جاتی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے پارلیمانی استعداد کار میں اضافے، لیڈرشپ ڈویلپمنٹ، قومی و بین الاقوامی مطالعاتی دوروں، تعلیمی تبادلوں اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز ) سے متعلق مشترکہ پروگراموں میں تعاون کریں گے۔اس معاہدے کے مطابق تمام سرگرمیاں، نامزدگیاں اور پروگرام خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ کی منظوری اور نگرانی میں انجام پائیں گے، جبکہ ادارہ جاتی شفافیت، رازداری، مالی امور، رپورٹنگ اور باہمی تعاون کے واضح اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔








