کمانڈر ایف سی این اے کا حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کے 27ویں یومِ شہادت پر شاندار خراجِ عقیدت

کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل سید امتیاز حسین نے نشانِ حیدر حوالدار لالک جان شہید کے 27ویں یومِ شہادت پر مزار پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

گلگت۔ 07 جولائی (اے پی پی):کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل سید امتیاز حسین نے عظیم قومی ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کے 27ویں یومِ شہادت کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ان کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر میجر جنرل سید امتیاز حسین نے کہا کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے سامنے ثابت قدم رہنا حوالدار لالک جان شہید کے بے مثال جذبۂ حب الوطنی، جرات، بہادری اور قربانی کا روشن ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے اس عظیم سپوت اور پاکستان کے تمام شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حوالدار لالک جان شہید کی بہادری، عزم، استقامت اور وطن سے بے لوث محبت آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی، جبکہ ان کی قربانی وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بناتی رہے گی۔گلگت بلتستان کے عظیم سپوت حولدار شہید لالک جان نشان حیدر کی آج 27 ویں برسی ہے 7 جولائی کو آج ہی کےدن شہید لالک جان کارگل جنگ میں دشمن کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کارگل جنگ میں شجاعت و بہادری کی انگنت مثالیں چھوڑیں جس کی بنیاد پر انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔ شہید لالک جان کی قربانی نہ صرف ضلع غذر بلکہ پورے ملک کے لئے قابل فخر مثال ہے ۔ شہید نے اپنے وطن کی حفاظت کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ۔

مزید خبریں