وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی امریکا میں اہم ملاقاتیں، تعلیمی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات روشن

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے امریکا کے دورے کے دوران الینوائے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) شکاگو کے صدر راج اچمبادی سے اہم ملاقات کی

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے امریکا کے دورے کے دوران الینوائے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) شکاگو کے صدر راج اچمبادی سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان اور آئی آئی ٹی کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق، اختراع اور افرادی قوت کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ منگل کو وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقوں نے طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، صنعتی روابط کے فروغ اور تعلیمی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر آئی آئی ٹی کے صدر راج اچمبادی نے پاکستان میں آئی آئی ٹی کا کیمپس قائم کرنے میں دلچسپی اور آمادگی کا اظہار کیا جبکہ پاکستان کے آئی ٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور صنعت سے روابط مضبوط بنانے میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں آئی آئی ٹی کے کیمپس کا قیام ملکی تعلیمی شعبے کے لئے ایک تاریخی پیشرفت ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق آئی ٹی جامعات کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ اپلائیڈ یونیورسٹیز میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ تحقیق کو صنعت اور حکومتی ضروریات سے جوڑنا قومی ترقی کی مضبوط بنیاد ہے۔ دریں اثنا، وفاقی وزیر احسن اقبال نے شکاگو کے میئر برینڈن جانسن سے بھی ملاقات کی جس میں تعلیم، شہری تعاون، پاک-امریکا تعلقات اور علاقائی امن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پروفیسر احسن اقبال نے میئر برینڈن جانسن کو تعلیم، مساوات اور سماجی انصاف کے فروغ کے لئے ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں لاہور اور شکاگو کے درمیان سسٹر سٹیز تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعلیمی و ثقافتی روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر نے میئر کو شکاگو کی جامعات کے ساتھ پاکستان کی نئی تعلیمی شراکت داریوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور ایران-امریکا کشیدگی کے خاتمے کے لئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر میئر برینڈن جانسن نے خطے میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان اور امریکی جامعات کے درمیان تعاون کے فروغ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے احسن اقبال کی دعوت قبول کرتے ہوئے مستقبل قریب میں پاکستان اور لاہور کے دورے میں گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔

مزید خبریں