اوپن یونیورسٹی – فلپائن جامعہ کے درمیان تعلیمی اشتراک، اظہارِ ارادہ پر دستخط

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور فلپائن کی پولی ٹیکنک یونیورسٹی کے درمیان مشترکہ تحقیق، فاصلاتی و آن لائن تعلیم، اساتذہ و طلبہ کے تبادلوں، علمی کانفرنسوں، تربیتی پروگراموں اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے اظہارِ ارادہ پر دستخط کئے گئے۔ تقریب آن لائن منعقدہ ہوئی جس میں دونوں جامعات نے بین الاقوامی تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور عملی …

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور فلپائن کی پولی ٹیکنک یونیورسٹی کے درمیان مشترکہ تحقیق، فاصلاتی و آن لائن تعلیم، اساتذہ و طلبہ کے تبادلوں، علمی کانفرنسوں، تربیتی پروگراموں اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے اظہارِ ارادہ پر دستخط کئے گئے۔

تقریب آن لائن منعقدہ ہوئی جس میں دونوں جامعات نے بین الاقوامی تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور عملی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود جبکہ فلپائن کی پولی ٹیکنک یونیورسٹی کی جانب سے صدر ڈاکٹر مینوئل ایم موہی نے اظہارِ ارادہ کی دستاویز پر دستخط کئے۔ تقریب کے آغاز میں فلپائن کی پولی ٹیکنک یونیورسٹی کا تعارفی آڈیو ویژول پیش کیا گیا۔ بعد ازاں ،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف کولیبریشن اینڈ ایکسچینج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید، چیئرمین شعبہ فاصلاتی، غیر رسمی و جاریہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال للہ اور ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ ڈاکٹر صائمہ ناصر نے جامعہ کی تعلیمی، تحقیقی اور بین الاقوامی سرگرمیوں، عالمی جامعات کے ساتھ قائم شراکت داریوں اور مستقبل کے تعاون کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داریوں کی اصل کامیابی صرف معاہدوں پر دستخط کرنے میں نہیں بلکہ ان پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ واضح لائحۂ عمل کے ذریعے ایسے تعاون کو طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لئے عملی فوائد میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔آن لائن تقریب میں فلپائن کی پولی ٹیکنک یونیورسٹی کے صدر اور ان کی ٹیم شریک ہوئی جبکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے رجسٹرار، ڈینز، پروفیسرز اور دیگر پرنسپل افسران نے شرکت کی۔پانچ سالہ اس معاہدے کے تحت دونوں جامعات مشترکہ تحقیقی منصوبوں، علمی اشاعتوں، فاصلاتی و آن لائن تعلیم، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلوں، علمی کانفرنسوں اور تربیتی پروگراموں میں تعاون کو فروغ دیں گی۔ معاہدے میں باہمی رضامندی سے توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے جبکہ ہر ادارہ اپنی سرگرمیوں کے اخراجات خود برداشت کرے گا۔یہ شراکت داری علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی بین الاقوامی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد عالمی جامعات کے ساتھ مؤثر تعلیمی و تحقیقی روابط کو فروغ دینا، علم کے تبادلے کو وسعت دینا اور فاصلاتی و آن لائن تعلیم کے شعبے میں مشترکہ پیشرفت کو یقینی بنانا ہے۔