اسرائیل لبنان میں پورے پورے خاندانوں کا صفایا کر رہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اسرائیل لبنان میں پورے پورے خاندانوں کا صفایا کر رہا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ان اسرائیلی حملوں کو "جنگی جرائم” قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بیروت۔9جولائی (اے پی پی):دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اسرائیل لبنان میں پورے پورے خاندانوں کا صفایا کر رہا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ان اسرائیلی حملوں کو "جنگی جرائم” قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے ایمنسٹی کی ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر کرسٹین بیکرل نے کہا کہ صرف ایک ہفتے کے اندر اسرائیلی فوج نے شہریوں کی زندگیوں کے لیے انتہائی بے اعتنائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے، لبنان میں ایک درجن بچوں سمیت پورے پورے خاندانوں کو ختم کر دیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کوفوری طور پر اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی پر مکمل پابندی عائد کرنی چاہیے اور ذمہ داروں کی تحقیقات اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے اختیار کا استعمال کرنا چاہیے۔ اپنی تازہ ترین رپورٹ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہاہے کہ اسرائیلی افواج نے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کی، بشمول شہریوں اور فوجی مقاصد کے درمیان فرق کرنے میں ناکامی، شہریوں یا شہری اشیاء کے خلاف حملے کرکے، یا عام شہریوں کو کم سے کم نقصان پہنچانے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں ناکام رہی ہے۔