پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی عبوری کمیٹی کے زیر اہتمام نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کل ( جمعہ سے )پی ایس بی کوچنگ سنٹر، لاہور میں شروع ہو گی۔
نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کل سے شروع ہو گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی عبوری کمیٹی کے زیر اہتمام نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کل ( جمعہ سے )پی ایس بی کوچنگ سنٹر، لاہور میں شروع ہو گی۔ پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی عبوری کمیٹی کے رکن کرنل ریٹائرڈ ڈاکٹر حافظ ظفر اقبال نے بتایا کہ چیمپئن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور چیمپئن شپ میں ملک بھر سے صوبائی، ریجنل اور ڈیپارٹمنٹس کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی 12 ٹیمیں مختلف ویٹ کیٹگریز کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
مردوں کے ویٹ کیٹگریز کے مقابلوں میں 60 کلوگرام، 65 کلو گرام، 71 کلو گرام، 79 کلو گرام، 88 کلو گرام، 94 کلو گرام، 110 کلو گرام اور پلس 110 کلوگرام کیٹیگریز شامل ہیں جبکہ خواتین کے ویٹ کیٹگریز کے مقابلوں میں 44 کلو گرام، 48 کلو گرام، 53 کلو گرام، 58 کلو گرام، 63 کلو گرام، 69 کلو گرام، 77 کلو گرام اور پلس 77 کلوگرام کیٹیگریز میں شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پنجاب، سندھ،خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد شامل ہیں۔
چیمپئن شپ 15 جولائی تک جاری رہے گی جس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور منتخب ٹیم کے کھلاڑی جاپان میں کھیلی جانے والی 20 ویں ایشین گیمز میں شرکت کریں گے۔








