"انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی سفری دستاویزات میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔”
ایف آئی اےکی بڑی کارروائی؛ لیبیا سے ڈی پورٹ ہونے والے 90 افراد گرفتار، 64 کو قید اور جرمانے کی سزائیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی سفری دستاویزات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ ایک ماہ کے دوران لیبیا سے دو خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستان واپس لائے گئے 90 ڈی پورٹ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون محمد بن اشرف کے مطابق گرفتار کئے گئے ان 90 افراد میں سے 64 ملزمان کو عدالت نے 10 سے 15 روز قید اور فی کس 25 سے 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جس کے بعد سزا یافتہ ڈی پورٹ افراد پر مجموعی طور پر 10 لاکھ 48 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد بن اشرف نےتفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لیبیا سے ڈی پورٹ ہونے والے دیگر ملزمان کے خلاف بھی سمری ٹرائلز تیزی سے جاری ہیں جبکہ غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک جانے والے ان تمام افراد کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کئے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ان کی غیر قانونی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔انسانی سمگلنگ اور دیگر سنگین جرائم کے خلاف سالانہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے نے انکشاف کیا کہ یکم جنوری سے 8 جولائی 2026 تک ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انتھک قانونی چارہ جوئی کے ذریعے مختلف مقدمات میں ملوث مجموعی طور پر 172 ملزمان کو سزائیں دلوائی ہیں۔ ان مجرموں کو مختلف عدالتوں کی جانب سے مجموعی طور پر 22 سال تک قید کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں جبکہ ان پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 37 لاکھ 29 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جو کہ زون میں قانون کی بالادستی اور انسانی سمگلرز کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ایک بڑی کامیابی ہے








