بریت کے بعد پولیس ریکارڈ سے نام خارج نہ کرنے کی درخواستوں پر سماعت منسوخ

لاہور ہائیکورٹ میں پولیس کی جانب سے کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے اور بری ہونے والے افراد کے نام پولیس ریکارڈ سے خارج نہ کرنے سے متعلق درخواستوں پر سماعت نہ ہو سکی۔

لاہور۔10جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ میں پولیس کی جانب سے کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے اور بری ہونے والے افراد کے نام پولیس ریکارڈ سے خارج نہ کرنے سے متعلق درخواستوں پر سماعت نہ ہو سکی۔تین رکنی بینچ کی کاز لسٹ منسوخ ہونے کے باعث سماعت ملتوی ہوگئی۔ جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں قائم بینچ نے کیس کی سماعت کرنا تھی جبکہ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کو معاونت اور وکلا کو حتمی دلائل کے لیے طلب کر رکھا تھا۔درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ مقدمات سے بری یا بے گناہ قرار دیے جانے کے باوجود ان کے نام پولیس ریکارڈ اور سی آر او لسٹ سے خارج نہیں کیے جاتے بلکہ صرف مقدمے کا سٹیٹس درج کر دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کریکٹر سرٹیفکیٹ میں بھی مقدمات کا اندراج بر قرار رہتا ہے جس سے بیرون ملک سفر، ملازمت اور دیگر امور میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ استدعا کی گئی ہے کہ بریت کے بعد نام پولیس ریکارڈ سے حذف کرنے کا حکم دیا جائے۔