نجی پینٹ کمپنی میں غبن کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور ہائیکورٹ نے معروف نجی پینٹ کمپنی میں مبینہ طور پر 10 کروڑ روپے کے غبن کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پی کو قانون کے مطابق تفتیش مکمل کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا

لاہور۔10جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے معروف نجی پینٹ کمپنی میں مبینہ طور پر 10 کروڑ روپے کے غبن کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پی کو قانون کے مطابق تفتیش مکمل کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس طارق ندیم نے ملزمان عاطف حنیف، مجاہد سلیم، راحیل بھٹی اور سعادت شاہ کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔ ملزمان کی جانب سے ایڈووکیٹ چوہدری ناصر پیش ہوئے اورموقف اختیار کیا کہ معروف نجی پینٹ کمپنی کی شکایت پر ان کے موکلوں کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا۔ عدالت پولیس کو قانون کے مطابق غیر جانبدارانہ تفتیش کا حکم دے۔دوسری جانب نجی پینٹ کمپنی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آڈٹ کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان مبینہ طور پر اب تک 10 کروڑ روپے کا غبن کر چکے ہیں۔ ملزمان کی درخواستِ ضمانت مسترد کی جائے۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پی کو قانون کے مطابق تفتیش مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔