پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب کے گہرے سمندر میں کے ٹو ائیرویز کے حادثہ کا شکار ہونے والے کارگو طیارے کے عملے اور ملبے کی تلاش کے لیے پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو ، آپریشن بھر انداز میں جاری ہے
کارگو طیارہ حادثہ، ملبے کی تلاش، امدادی آپریشن جاری ، مزید پرزے اور ملبہ سمندر سے نکال لیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب کے گہرے سمندر میں کے ٹو ائیرویز کے حادثہ کا شکار ہونے والے کارگو طیارے کے عملے اور ملبے کی تلاش کے لیے پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو ، آپریشن بھر انداز میں جاری ہے۔ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق طیارے کے لاپتہ عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے فضائی اور بحری اثاثوں کو مشترکہ اور منظم طریقے سے بروئے کار لایا جا رہا ہے، اور یہ مشن پوری تندہی کے ساتھ جاری ہے۔تلاش کے دوران طیارے کے مزید پرزے اور ملبہ لوکیٹ کر کے سمندر سے نکال لیا گیا ہے۔ اس ملبے کو حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کیا جائے گا تاکہ اس کا تفصیلی تجزیہ کیا جا سکے۔پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گہرے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے اور جیسے ہی اس حوالے سے مزید پیش رفت ہوگی، میڈیا اور عوام کو نئی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔








