نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان کے برطانیہ میں نامزد ہائی کمشنر ٹیپو عثمان چوہدری کی ملاقات

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر ٹیپو عثمان چوہدری نے ملاقات کی، جس میں سفارتی امور اور دوطرفہ تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان کے برطانیہ میں نامزد ہائی کمشنر ٹیپو عثمان چوہدری نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نامزد ہائی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور عوامی روابط کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ دنیا کی سب سے بڑی، متحرک اور فعال پاکستانی برادریوں میں سے ایک کا مسکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فعال قونصلر خدمات اور فلاحی معاونت کی فراہمی ہائی کمیشن کی اولین ترجیحات میں شامل رہنی چاہیے۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں چیف آف پروٹوکول کی حیثیت سے ٹیپو عثمان چوہدری کی گراں قدر خدمات کو سراہا اور نئی ذمہ داریوں میں ان کی کامیابی کیلئے دعا کی۔