نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام کے حوالے سے اجلاس

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملک بھر میں چینی کی دستیابی، قیمتوں کے استحکام اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک بھر میں چینی کی دستیابی کا جائزہ لینے اور صارفین کے لیے قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہفتہ کو یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی نے صوبائی محکمہ خوراک کے تعاون سے کمیٹی کو ملک میں چینی کے موجودہ ذخائر، پیداوار کے تخمینوں اور مارکیٹ میں قیمتوں کے رجحانات کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی اور قومی سطح پر چینی کے ذخائر سے متعلق پیش کردہ اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے چینی کی مجموعی دستیابی اور سپلائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے چینی کی بلا تعطل فراہمی اور صارفین کو مناسب قیمتوں پر اس کی دستیابی یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذخیرہ اندوزی، قیاس آرائی اور مصنوعی طور پر قیمتیں بڑھانے کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائے گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے رکن اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔