او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کل اتوارسے اسلام آباد میں شروع ہو گی

اکستان 12 اور 13 جولائی کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق نویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس میں 57 رکن ممالک سے وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور ممتاز خواتین رہنماؤں سمیت تقریباً 190 مندوبین شرکت کریں گے۔

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):پاکستان 12 اور 13 جولائی کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق نویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس میں 57 رکن ممالک سے وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور ممتاز خواتین رہنماؤں سمیت تقریباً 190 مندوبین شرکت کریں گے۔

دو روزہ کانفرنس کا مقصد او آئی سی رکن ممالک کے درمیان خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تعاون کو فروغ دینا، ان کی سماجی،اقتصادی، سیاسی اور پیشہ ورانہ شمولیت میں اضافہ کرنا اور مسلم دنیا میں جامع اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانا ہے۔کانفرنس کے دوران خواتین کو معاشی مواقع، مالیاتی نظام، کاروباری سرگرمیوں،ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک بہتر رسائی فراہم کرنے، ڈیجیٹل صنفی فرق کم کرنے اور مالی شمولیت بڑھانے کےاقدامات پر غور کیا جائے گا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق کانفرس میں فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی مؤثر شمولیت بڑھانے، سابقہ او آئی سی وزارتی کانفرنسوں میں کیے گئے وعدوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے اور رکن ممالک کے درمیان تجربات اوربہترین طریقہ کار کے تبادلے پر بھی بات ہوگی۔ اس کے علاوہ خواتین کے حقوق، سماجی واقتصادی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔کانفرنس میں خواتین کی معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور جامع معاشی ترقی کے لیے مؤثر پالیسیوں پر بھی غور کیا جائے گا۔

یہ کانفرنس 2021 میں قاہرہ میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے آٹھویں وزارتی اجلاس کے تسلسل میں منعقد ہو رہی ہےجس میں خواتین کے تحفظ، بااختیار بنانے اور ان کی سماجی و اقتصادی شمولیت کو فروغ دینے پر توجہ دی گئی تھی۔میزبان ملک کی حیثیت سے پاکستان اس موقع پر او آئی سی رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، صنفی شمولیت پر مبنی ترقی کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں خواتین کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کرے گا۔