پوٹھوہار ٹاؤن میں ڈینگی کے خلاف 16 روزہ خصوصی مہم کا آغاز

محکمہ صحت و آبادی پنجاب کی جانب سے 14 جولائی سے پوٹھوہار ٹاؤن کی ڈینگی سے زیادہ متاثرہ چھ نیم شہری یونین کونسلوں میں ڈینگی کے خلاف 16 روزہ خصوصی اور بھرپور انسدادی مہم شروع کی جا رہی ہے جس کا مقصد ڈینگی کے پھیلاؤ کے عروج سے قبل مچھر کی افزائش پر مؤثر طریقے سے قابو پانا ہے۔

راولپنڈی۔13جولائی (اے پی پی):محکمہ صحت و آبادی پنجاب کی جانب سے 14 جولائی سے پوٹھوہار ٹاؤن کی ڈینگی سے زیادہ متاثرہ چھ نیم شہری یونین کونسلوں میں ڈینگی کے خلاف 16 روزہ خصوصی اور بھرپور انسدادی مہم شروع کی جا رہی ہے جس کا مقصد ڈینگی کے پھیلاؤ کے عروج سے قبل مچھر کی افزائش پر مؤثر طریقے سے قابو پانا ہے۔”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جواد نے بتایا کہ اس مقامی انسدادی حکمت عملی کے تحت ایک لاکھ 31 ہزار سے زائد گھروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے گھروں کے اندر اور باہر ڈینگی مچھر کی نگرانی، لاروا کش سرگرمیوں اور افزائش کے مقامات کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس خصوصی آپریشن کے دوران ڈھوک منشی کے 26 ہزار 119، کوٹھہ کلاں کے 21 ہزار 597، ڈھاما سیداں کے 16 ہزار 987، دھمیال کے 25 ہزار 191، چک جلال دین کے 21 ہزار 855 اور گرجا کے 20 ہزار 132 گھروں کو ہدف بنا کر انسدادی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ 16 روزہ مہم کے دوران گزشتہ برسوں کے وبائی اعداد و شمار کی بنیاد پر فیلڈ اہداف مقرر کئے گئے ہیں تاکہ علاقے میں ڈینگی مچھر کے لاروا کی افزائش کے عمل کو بروقت روکا جا سکے۔

محکمہ صحت کے ریکارڈ کے مطابق مذکورہ چھ یونین کونسلوں میں گزشتہ تین برسوں کے دوران ڈینگی کے مریضوں کی بڑی تعداد رپورٹ ہوئی جن میں 2023 کے دوران 766، 2024 میں ایک ہزار 796 جبکہ 2025 میں 328 کیسز سامنے آئے۔ڈاکٹر جواد نے بتایا کہ خصوصی ٹیمیں ماحولیاتی صفائی اور انتظامی اقدامات کے ذریعے ڈینگی مچھر کی افزائش کے ممکنہ مقامات کا خاتمہ کریں گی۔ اس سلسلے میں ڈھوک منشی کے 4 ہزار 448، کوٹھہ کلاں کے 3 ہزار 330، ڈھاما سیداں کے ایک ہزار 866، دھمیال کے 2 ہزار 788، چک جلال دین کے 5 ہزار 466 اور گرجا کے 3 ہزار 29 ترجیحی مقامات پر خصوصی کارروائیاں کی جائیں گی۔