صحت کے شعبے میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، خواجہ عمران نذیر

صوبائی وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صحت کے شعبے میں خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔

سیالکوٹ۔ 13 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ سیالکوٹ کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی رانا فیاض بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی مؤثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کر دیا گیا ہے اور صحت کے شعبے کو درپیش مسائل مرحلہ وار حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی، طبی آلات، عملے کی حاضری اور مریضوں کو بہترین علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات میسر آسکیں۔وزیر صحت و آبادی نے کہا کہ سکن اینڈ ہیئر ٹریٹمنٹ صرف لائسنس ہولڈر ڈاکٹرز ہی کر سکتے ہیں اور اس حوالے سے صوبہ بھر میں ایک جامع آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر سکن اور ہیئر ٹریٹمنٹ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کی صحت اور جان کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی رانا فیاض نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ضلع سیالکوٹ کے سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔