پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

مزید خبریں
ریاض۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں پاکستان کے پاور سیکٹر کے اعلیٰ سطحی وفد نے سعودی عرب کے انرجی ورکنگ گروپ سے اہم ملاقات کی جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق مشترکہ انرجی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں پاکستانی وفد نے سعودی وزارتِ توانائی کے بجلی کے امور کے معاون وزیر انجینئر ناصر القحطانی سے ملاقات کی۔ اجلاس میں سعودی وزارتِ توانائی کے معاون وزیر برائے آئل اینڈ گیس محمد الابراہیم اور نائب وزیر برائے آئل اینڈ گیس ماجد العتیبی نے بھی شرکت کی۔ملاقات کے دوران عالمی توانائی کی منتقلی، توانائی کے شعبے میں بدلتے ہوئے رجحانات اور پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری جامع اصلاحاتی پروگرام پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ حکومت ادارہ جاتی نظم و نسق کو مزید مؤثر بنانے، شعبے کی کارکردگی بہتر کرنے، ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنے اور مالیاتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لئے مربوط اقدامات پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت نجی شعبے کی مؤثر شمولیت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے جبکہ بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب، قومی گرڈ کی توسیع اور صاف توانائی کے مؤثر انضمام کے لئے ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کی جدید خطوط پر ترقی ناگزیر ہے۔اجلاس کے دوران پاکستانی وفد نے بجلی کی ترسیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نمایاں مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے قومی ٹرانسمیشن گرڈ کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر پاور سیکٹر میں جاری ڈیجیٹلائزیشن، بالخصوص اسمارٹ میٹرنگ اور ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) کے نفاذ سے متعلق اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اقدامات تکنیکی و تجارتی نقصانات میں کمی، نظام کی آپریشنل استعداد میں اضافے اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ وفاقی وزیر توانائی نے پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی انرجی ورکنگ گروپ کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی، تاکہ وہ پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات کا براہِ راست مشاہدہ کر سکیں اور ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر، ڈیجیٹلائزیشن اور اسمارٹ یوٹیلٹی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کے ترجیحی مواقع کا جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومتِ پاکستان سعودی سرمایہ کاروں اور شراکت داروں کو ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ ملاقات میں دونوں وفود نے توانائی کے شعبے میں قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے، آج ہونے والی گفتگو کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی، توانائی کے تحفظ اور علاقائی تعاون کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے ایک مضبوط، جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی توانائی کے مستقبل کے لئے مشترکہ وژن کا بھی اعادہ کیا۔








